ہفتہ , 25 نومبر 2017
صفحہ اول / آزاد کشمیر / مظفرآباد / ۱۰ مہینے ہوگئے بہت ناز نخرے اٹھالیے اب پرفارمنس دینی ہوگی
prime-minister-azad-jammu-kashmir-raja-farooq-haider-inaugurating-ram-pura-grid-station

۱۰ مہینے ہوگئے بہت ناز نخرے اٹھالیے اب پرفارمنس دینی ہوگی

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اب محکمہ جات کو نتائج دینے ہونگے بیوروکریسی کو کہتا ہوں کے 10مہینے ہوگئے بہت ناز نخرے اٹھالیے اب پرفارمنس دینی ہوگی جس نے نہ دی نہیں رہے گا۔ سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید جیسی زبان استعمال کرنے پر مجبور نہ کیا جائے ،محکمہ برقیات کے اندر اگر کرپشن ختم نہ ہوئی اور اصلاحات کا عمل کامیاب نہ ہوا تو اسے ختم کر کے پاور سپلائی کمپنی کے ذمہ بجلی کی ترسیل کا عمل دیں گے۔لیجر کلرک سے لیکر سیکرٹری تک سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی خدمت کریں اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کریں،جو ملازم کام نہیں کرے گا تو آزاد کشمیر میں پڑھے لکھے لوگوں کی کمی نہیں ۔ 36ہزار4سو بی اے، بی۔ ایڈ لوگوں نے محکمہ تعلیم میں اپلائی کیا جنہوں نے تعلیم حاصل کی انہیں صلہ ملنا چاہیے ۔ کمپوڈر اور ڈاکٹر کی ڈگری میں فرق ہے اسی طرح بی ٹیک اور بی ۔ اے ڈگری والے میں فرق ہوتا ہے ۔ جب میرٹ پر لوگ بھرتی ہونگے تو ریاست کے خلاف نفرت پیدا نہیں ہوگی ۔بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے منتخب ہونے والوں کو بھرپور فنڈز دیں گے ۔ آزاد کشمیر کا ڈھانچہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور اقرا پروری کے باعث تباہی کے دہانے تک پہنچ چکا ہے اب حالات یہ ہیں کہ ایڈیشنل سیکرٹری ترقیاب کرنے کے لیے مناسب لوگ نہیں مل رہے ۔موجودہ سیکرٹری ریٹائر ہونگے تو ان کے پیچھے ترقیابی کے لیے کوئی نہیں بچے گا۔وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام اور ایمرجنسی سروسز کی مانیٹرنگ کا موثر نظام واضح کیا گیا ہے اگرکہیں کرپشن ہوئی تو پھر پراجیکٹ لیڈر کے ساتھ ساتھ ذمہ داران بھی جیل جائیں گے ۔ پی پی کے دور میں ہونے والے انتخابات میں ووٹر فہرستوں میں موجود لوگوں سے زیادہ ووٹ کاسٹ کیے جاتے تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 60کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے رام پورہ گریڈ اسٹیشن کا افتتاح کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

رام پورہ گریڈ اسٹیشن جدید ضروریات کو مد نظر رکھ کر مکمل کیا گیا ہے جس میں 17فیڈرز کی گنجاش موجود ہے جبکہ گریڈ اسٹیشن سے 7فیڈرز چلا دئیے گئے ہیں ۔ پترینڈ ہائیڈرل پراجیکٹ سے بجلی رام پورہ گریڈاسٹیشن منتقل کی جائے گی جس سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ پٹرینڈ پراجیکٹ سے ٹرانسمشن لائن کی تکمیل آخری مراحل میں ہے ۔ رام پورہ گریڈ اسٹیشن کی افتتاح تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی ۔ رام پورہ کے مقام پر وزیر اعظم نے گریڈ اسٹیشن اور سٹور ڈویژن کے دفاتر کا افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب سے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان ، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ، ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود ، سیکرٹری برقیات عابد حسین اعوان اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی مصطفی بشیر ،سیکرٹریز حکومت راجہ عباس، ادریس عباسی ، سابق سیکرٹری حکومت سید محب علی نقوی ، لیگی رہنماء سید شبیر بخاری سمیت عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے ۔ آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ میں مزید کمی کے لیے واپڈا سے بات چیت جاری ہے ۔

محکمہ برقیات کے ملازمین کام کریں انہیں واپڈا کے برابر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ آزا دکشمیر میں ہائیڈرل کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت ہائیڈرل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ پبلک سیکٹر میں ہائیڈرل کے منصوبے مکمل کر کے آزاد کشمیر کی آمدن میں اضافہ کریں گے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے ۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت آزاد کشمیر کے ہر حلقہ میں چار چار کروڑ روپے کے فنڈز دئیے جارہے ہیں اور منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں ۔ قبل ازیں لوکل گورنمنٹ کے فنڈز ایک ہی وزیر اپنے حلقہ میں لے جاتا تھا ۔ میرٹ کی بحالی اولین ترجیح ہے جب حق دار کو اس کا حق ملے گا تو ملک ترقی کرے گا جس معاشرے میں حق تلفی اور ناانصافی ہوتی ہے وہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔ آزاد کشمیر میں منصوبوں کا کریڈٹ سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کا ضرور دیں لیکن یہ نہ ہو کہ کل ان کے سابق وزراء چوہدری یاسین ، پرویز اشرف ، چوہدری رشید ایٹم بم کے خالق ہونے کا بھی دعویٰ کردیں ۔ سابق وزیروں کی ایٹمی ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محکمہ صحت میں اصلاحات لائی جارہی ہیں ۔ مفت ایمرجنسی سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ آسامیوں کے علاوہ 11طبی مراکز کو ساڑے سولہ کروڑ روپے ادویات کے لیے مہیا کیے گئے ہیں ۔ ایمرجنسی سروسز کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ مفت ایمر جنسی سروسز کے لیے ریاستی وسائل سے رقم مہیا کی گئی ہے ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہناتھا کہ آج جو لوگ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خلاف پروپگینڈا کر رہے ہیں ان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے کہا تھا کشمیریوں دو پہاڑوں کے درمیان کیا کر رہے ہو ہمارے ساتھ آؤ، شملہ معاہدے سے تاریخ آزاد کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔اس وقت پاکستان میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے گالم گلوچ کی سیاست شروع کر رکھی ہے اور دنوں جماعتوں نے گالم گلوچوں میں آگے نکلنے کا مقابلہ شروع کر رکھا ہے لیکن 2018کے الیکشن میں بھی پاکستان میں مسلم لیگ ن دوسرے مرتبہ کامیابی حاصل کرے گی اور میاں نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان بنیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ برقیات اور مال ایسے محکمے ہیں جن کے ملازمین کا براہ راست عوام اور ہر گھر سے رابطہ ہوتا ہے اسی لیے دونوں محکموں کے ملازمین کو بہتر طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ آزا دکشمیر کی عوام بجلی کے بلات ادا کریں جس سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملی گی اور ریونیو سے نئے عوامی فلاحی منصوبہ جات شروع کیے جائیں گے ۔ آزاد کشمیر کے اندر سے پرانی گاڑیاں نیلام کر کے نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کا پروگرام بنا رکھا ہے ۔ پرانی گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی مرمت پر زائد اخراجات آرہے ہیں ان کے معمول کے اخراجات بھی زیادہ ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی بعدازاں لیگی رہنما راجہ امداد علی طارق نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ۔

نیلم جہلم منصوبے کی سرنگیں مکمل ہونے کی تقریب

یہ بھی دیکھیے

muzaffarabad-ajk-national-management-college-delegation-meets-chief-secretary-azad-kashmir-doctor-ejaz-munir

نیشنل مینیجمنٹ کالج لاہور کے وفد کی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے ملاقات

چیف سیکرٹری آزادکشمیرڈاکٹر اعجاز منیر سے نیشنل مینیجمنٹ کالج لاہور کے 21ویں سینئر مینجمنٹ کورس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے